اہم خبریں

بی جے پی اپنے ملک کے حقوق پاکستانیوں کو دے رہی ہے،اروند کیجریوال

نئی دہلی (نیوزڈیسک)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے حوالے سے مخالف اور حکمراں جماعت بھارتی جنتا پارٹی پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ بی جے پی پاکستانیوں کو ہمارے حقوق، مکانات اور نوکریاں دینا چاہتی ہے۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے کہا کہ یہ ووٹ بینک بنانے کا کھیل ہے، بی جے پی ووٹ بینک کی سیاست کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بی جے پی اپنے ملک کے حقوق پاکستانیوں کو دے رہی ہے۔ سی اے اے سے شمال مشرقی ریاستوں کو زیادہ نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے اپنے لوگوں کے پاس پیسہ نہیں ہے اور وہ پاکستان کے لوگوں کو یہاں آباد کرنا چاہتے ہیں۔ وہ ان لوگوں پر پیسہ خرچ کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پڑروسی ممالک میں ڈھائی سے تین کروڑ اقلیتیں ہیں۔ ڈیڑھ کروڑ بھی آگئے تو روزگار کہاں سے آئے گا؟ یہ بی جے پی کی ووٹ بینک کی سیاست ہے۔ جہاں بھی بی جے پی کا ووٹ کم ہوگا، وہ وہاں کچی آبادیوں کو آباد کرکے مستقبل میں ووٹ بینک بنائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی اے اے ملک کے لیے بہت برا ہے، ایک بار جب یہ عمل شروع ہو جائے گا تو یہ نہیں رکے گا، شمال مشرق کو اس کا سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا، بنگلہ دیش سے بڑی تعداد میں دراندازی ہوتی ہے۔

وزیر اعلیٰ کیجریوال کا کہنا تھا کہ پورا ملک سی اے اے کی مخالفت کر رہا ہے۔ اگر بی جے پی اسے واپس نہیں لے گی تو آپ لوگوں کو اس کا جواب انتخابات میں دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً 11 لاکھ تاجر ملک چھوڑ چکے ہیں، اگر آپ واپس لانا چاہتے ہیں تو انہیں واپس لے آئیں۔

کیجریوال نے مزید کہا کہ ہریانہ حکومت لوگوں کو روزگار کے لیے اسرائیل جانے کو کہتی ہے۔

متعلقہ خبریں