لندن(نیوزڈیسک)رواں سال لندن کے مشہور ویسٹ اینڈ کو رمضان کے مقدس اسلامی مہینے کے موقع پر دوسری بار سجایا گیا ہے۔
لندن کی کوونٹری اسٹریٹ، جو شہر کے دو مصروف ترین مقامات پیکاڈلی اور لیسٹر اسکوائر کو جوڑتی ہے، اسے رمضان کی آمد سے قبل لائٹس لگا کر روشن کر دیا گیا ہے۔
ویسٹ اینڈ لندن میں شاپنگ اور سیاحت کے لیے ایک مقبول مقام ہے اور یہاں رمضان کے مہینے میں امیر خلیجی سیاحوں کا اضافہ جو کہ غیر معمولی بات نہیں ہے۔
برطانوی میڈیا کی جانب سے ویسٹ اینڈ پر ماہ رمضان میں خلیجی سیاحوں کی تعداد میں اضافے کورمضان رش کا نام دیا جاتا ہے۔
گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی لندن کے میئر صادق خان نے ویسٹ اینڈ کو رمضان کا استقبال کرنے کے لیے روشن کر دیا ۔
مزیدپڑھیں:سینیٹ میں مسلسل ا حتجا ج ، دنیا میں ا چھا تا ثر نہیں جا تا، اسحا ق ڈار
اُنہوں نے اس حوالے سے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ لندن مغربی دنیا کا پہلا شہر تھا جسے گزشتہ سال رمضان کا استقبال کرنے کے لیے روشن کیا گیا اور اس اقدام کو بہت پذیرائی ملی۔
صادق خان نے لکھا کہ مجھے خوشی ہے کہ پچھلے سال بھرپور پذیرائی حاصل کرنے کے بعد یہ روشنیاں اس سال پھر یہاں رمضان کا پرتپاک استقبال کرنے کے لیے واپس آئی ہیں۔
اُنہوں نے لکھا کہ اس سال دوبارہ رمضان کا استقبال کرنے کے لیے ویسٹ اینڈ کو روشن کرنے کی تقریب کا حصّہ بننا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔
صادق خان نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے لکھا کہ یہ شاندار روشنیاں دنیا کو یہ واضح پیغام دیتی ہیں کہ لندن سب کے لیے ہے اور یہاں سب ایک دوسرے کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹتے ہیں۔