ٹوکیو(نیوزڈیسک)جاپانی حکومت نے پاکستان میں انتخابات کے نتائج پر اطمینان اور جمہوریت کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات کا انعقاد منظم انداز میں قائدے اور قانون کے مطابق ہوا۔
جمعرات کو جاپانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان کے عام انتخابات کی نگرانی کے لیے جاپان کی جانب سے بھی جائزہ مشن بھیجا گیا تھا جس کی سربراہی پاکستان میں مقیم جاپانی سفیر متسوہیرو وادا کررہے تھے جبکہ مشن میں جاپانی وزارت خارجہ کے دیگر ممبران بھی شامل تھے، جنہوں نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کاجائزہ لیا۔
مزیدپڑھیں:سندھ میں شدید بارشوں کی پیشگوئی،کل اسکول بند رہیں گے
جاپانی وزارت خارجہ کی رپورٹ کے مطابق جاپانی سفیر کی سربراہی میں جائزہ مشن نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں پولنگ کا جائزہ لیا، جس کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد منظم انداز میں قائدے اور قانون کے مطابق ہوا۔
جاپانی حکومت نے منظم اور پُر امن انداز میں انتخابات کے عمل کو یقینی بنانے پر پاکستان کو مبارک باد پیش کی۔