اوٹاوا(نیوزڈیسک)کنزرویٹو پارٹی آف کینیڈا نے پاکستانی نژاد کینیڈین محمد اسحاق کو مِسّی ساگا شہر سے اگلے فیڈرل الیکشن میں اپنا آفیشل امیدوار نامزد کر دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادار کے مطابق محمد اسحاق پارٹی کے پہلے مسلم امیدوار ہیں جنہیں پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے اور وہ پارٹی لیڈر پیئر پولیور کی قیادت میں الیکشن ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔ محمد اسحاق مِسّی ساگا سنٹر کے حلقے سے الیکشن میں حصہ لیں گے جہاں پاکستانی کمیونٹی کثیر تعداد میں رہتی ہے، ان کا تعلق پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے اور وہ 2004ء میں کینیڈا مائیگریٹ ہوئے تھے۔ وہ کافی عرصے سے کنزرویٹو پارٹی آف کینیڈا کے مختلف عہدوں پر کام کرتے رہے ہیں۔کنزرویٹو پارٹی آف کینیڈا اس وقت کینیڈین پارلیمنٹ میں اپوزیشن پارٹی ہے اور اس کے لیڈر پیئر پولیور حالیہ سروے کے مطابق مقبولیت میں لبرل پارٹی کے لیڈر وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو سے آگے جا رہے ہیں۔















