نئی دہلی(نیوزڈیسک) بھارت میں طالبات سے بیت الخلا صاف اور اپنے گھر میں باغبانی کرانے پر مولانا آزاد اسکول کے پرنسپل کے خلاف والدین نے ایف آئی آر درج کرا دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک میں مولانا آزاد ماڈل انگلش اسکول کی ہیڈ مسٹریس جوہر جبینہ کے خلاف والدین نے ایف آئی آر درج کرادی۔والدین نے ایف آئی آر میں بتایا کہ ہیڈ مسٹریس کئی ماہ سے اسکول کے ٹوائلٹس، طالبات سے صاف کروا رہی تھیں اور اپنے گھر میں باغ کی صفائی پر بھی مجبور کرتی تھیں۔والدین کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہیڈ مسٹریس کو کئی بار روکنے کی کوشش کی لیکن انھوں نے ہماری بات پر کان نہ دھرا اور بچیوں سے گھر کے کام کرواتی رہیں۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی جب کہ اسکول کی ہیڈ مسٹریس نے اس حوالے سے اپنا مؤقف دینے سے انکار کردیا۔















