نئی دہلی(نیوزڈیسک)سوشل میڈیا پر وائرل ایک انوکھی ویڈیو میں بھارتی ریاست بہارمیں ایک طیارے کو پل کے نیچے پھنسا ہوادکھایاگیا ہے ۔پل کے نیچے پھنسے ہوئے طیارے کی یہ انوکھی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ناکارہ طیارے کو بذریعہ ٹرک ممبئی سے آسام لے جایا جارہا تھا جب یہ بہار کے شہر موتیہاری میں پل کے نیچے پھنس گیا۔ویڈیو میں طیارے کے قریب سے سڑک پر ٹریفک کو گزرتے ہوئے دیکھاجاسکتا ہے ۔ دیگر کئی وائرل ویڈیوز میں اس پھنسے ہوئے طیارے کو پل کے نیچے سے آہستہ آہستہ پیچھے ہٹتے دیکھا جاسکتا ہے ۔اس انوکھے منظر نے وہاں سے گزرتے شہریوں کی ایسی توجہ کھینچی کہ وہاں گھنٹوں ٹریفک جام رہا۔صارفین نے اپنے کمنٹس میں لکھا کہ جہازاورطیارے فضائوں میں ہی پرواز کرتے ہیں لیکن بھارت کا معاملہ ذرا مختلف ہے جہاں طیاروں کیلئے زمینی سہولت بھی دستیاب ہے ۔طیارے کے پھنسنے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ڈرائیور پل کی اونچائی کا اندازہ لگانے میں ناکام رہا اور جب ٹرک کے ذریعے طیارے کو پل کے نیچے سے گزارنے کی کوشش کی گئی تو اونچائی زیادہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ وہاں پھنس گیا ۔پولیس کے مطابق پل کے نیچے سے طیارے کو نکالنے میں تقریبا ڈیڑھ گھنٹے سے زائد کا وقت لگا۔