تبوک (نیوزڈیسک)سعودی عرب کے بالائی علاقے تبوک میں ریکارڈ برفباری دیکھنے میں آئی۔ برفباری کے باعث اللوز پہاڑ نے سفید چادر اوڑھ لی۔برفباری سے ڈھکے پہاڑ دلکش منظر پیش کرنے لگے۔ شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے علاقے کا رخ کرلیا۔ سعودی عرب کا شمار گرم اور صحرائی علاقوں میں ہوتا ہے لیکن ان دنوں سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں بھی ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے صحرا اور پہاڑ سرسبز ہوگئے ہیں۔
سعودی اخبار العربیہ کے مطابق شہری اور سیاح موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے جوش وخروش کے ساتھ علاقے کا رخ کررہے ہیں۔
تبوک کے لوگ برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے اللوز پہاڑوں کی طرف دوڑ پڑے جہاں پہاڑ خوبصورت قدرتی مناظر کی بہ دولت سیاحوں کے لیے غیرمعمولی کشش رکھتے ہیں۔
موسم سرما کے دوران “جبل اللوز” کی چوٹی پر ہر سال برف باری ہوتی ہے اور پہاڑ کی چوٹیاں برف سے ڈھک جاتی ہیں۔ لوگ یہاں موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے آتے اور ایڈونچر کے شوقین سیاح بھی برف کے موسم میں اس علاقے کا رخ کرتے ہین۔
قابل ذکر ہے کہ اللوزایک پہاڑی سلسلہ ہے جو سعودی عرب کے شمال مغرب میں تبوک کے علاقے میں اردن کی سرحد کے قریب تبوک شہر سے تقریباً 200 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔
اس پہاڑی سلسلے کی اونچائی سطح سمندر سے 2,580 میٹر ہے اور یہ خطہ حسمیٰ کے بلند ترین پہاڑی سلسلوں میں سے ایک ہے جس کے پہاڑ تبوک کے مغرب سے اردن میں وادی رم تک سروات کے پہاڑوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔