غزہ(نیوز ڈیسک) غزہ میں نہتے فسلطینوں کا قتل عام رک نہ سکا ،اسرائیلی حملوں میں 24 گھنٹوں کے دوران 2صحافیوں سمیت مزید 300 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے،رفاہ کے کویتی ہسپتال کے قریب رہائشی عمارت پر حملے میں خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد شہید ہوئے ۔ اس کے علاوہ بیت لاحیا ،خان یونس اور المغازی کے علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں مزید 50سے زائد فلسطینی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے ۔ دوسری طرف ہلال احمر کے مطابق خان یونس میں العمل ہسپتال کے قریب حملے میں 10فلسطینی شہید اور 12سے زائد زخمی ہوئے ، اسرائیل نے مزید نفری جنوبی غزہ کی طرف بھیج دی ، مغربی کنارے میں اسرائیل کی چھاپہ مار کارروائیوں میں دو فلسطینی شہید جبکہ 25گرفتار ہوئے، منی ایکسچینج کی دکانوں پر چھاپوں کے دوران 27 لاکھ ڈالر ضبط کرلئے گئے ، اسرائیلی افواج نے شہریوں کو وسطی غزہ سے شیلٹرز میں جانے کا حکم دے دیا ۔اسرائیلی کارروائیوں کے جواب میں حماس کے حملے بھی جاری گزشتہ 2 روز میں مزید 22اسرائیلی فوجی مار دیئے ،اسرائیل کے زیر قبضہ جولان کے علاقے پر شام سے ڈرون حملہ ،لبنان سے بھی اسرائیلی علاقوں پر حملے کیے گئے ،اسرائیلی فوج کی جانب سے حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔