اسلام آباد(نیوز ڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں بدامنی پھیلانے میں بڑا ہاتھ غیر قانونی تارکین وطن کاہے،پاکستان میں دہشتگرد ی کیلئے افغان سرزمین استعمال کی جارہی ہے ،عبوری افغان حکومت کے قیام کے بعد پاکستان میں دہشت گردی بڑھ گئی۔ آج نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی تفصیلات افغان حکام کے حوالے کردیں،افغان رہنماؤں کے دھمکی آمیز بیانات افسوسناک ہیں،امید ہے حکومت حکومت کالعدم ٹی ٹی پی کیخلاف سخت کارروائی کرے گی،پاکستان افغان ٹرانزٹ ٹریڈ جاری رکھے گا،دستاویزات کے حامل 14لاکھ افغانی اب بھی پاکستان میں مقیم ہیں،ہم نے برسوں افغانیوں کی میزبانی کی،حالیہ اقدامات غیر متوقع اور حیران کن نہیں،گزشتہ 2سال میں افغانستان سے کارروائیوں میں2ہزار سے زائد پاکستانی شہید ہوئے ،افغانستان سے مثبت ردعمل نہ آنے پر اپنے معاملات خود ٹھیک کرنے کافیصلہ کیاہے ۔