راولپنڈی (نیوزڈیسک)میانوالی میں پاکستان ایئر فورس ٹریننگ ایئربیس پر دہشتگردوں کا خطرناک حملہ ناکام بنادیا ، کومبنگ اینڈ کلیئرنس آپریشن میں 9 دہشتگردوں کو واصل جہنم کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے علی الصبح میانوالی ایئربیس پر حملے کی کوشش کی ، ایئربیس پر متعین دستوں نے فوری اور موثر کارروائی کر کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔مشترکہ کلیئرنگ اور کومبنگ آپریشن مکمل کرلیا ہے اور اس دوران تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جبکہ ایئر بیس پر ناکام حملے کے بعد ملحقہ علاقوں میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔حملے میں فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا تاہم قریب ہی کھڑے 3 غیرآپریشنل طیاروں کو نقصان پہنچا۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن کا فوری، پیشہ ورانہ اختتام امن دشمنوں کیلئے یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔















