لاہور: (نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت کیخلاف پی ڈی ایم کی عدم اعتماد کی تحریک کے شوشا کے بعد عمران خان اور ان کی پارٹی تحریک انصاف بھی میدان میں آگئی،بڑا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا 9 جنوری کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے اعتماد کا ووٹ نہ لینےکا فیصلہ کر لیا۔ پارلیمانی لیڈرتحریک انصاف نے 9 جنوری کے اجلاس میں اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے ارکان اسمبلی کو کوئی ہدایت جاری نہیں کیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی ماہرین نے عمران خان کو رائے دی ہے کہ اعتماد کا ووٹ عدالتی فیصلے سے مشروط کیا جائے، اعتماد کے ووٹ کیلئے گورنر کے حکم کی کوئی آئینی حیثیت نہیں۔ذرائع کے مطابق قانونی ماہرین نے عمران خان کو رائے دی ہے کہ اگر عدالتی فیصلے سے قبل اعتماد کا ووٹ لیتے ہیں تو گورنر کا آرڈر آئینی ہو جائے گا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی زینب عمیر کا کہنا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے تمام پہلوؤں پر مشاورت جاری ہے۔یاد رہے کہ عمران خان نے تمام پارٹی اراکین کو 9 جنوری سے قبل اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کر رکھی ہے اور گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی نے چوہدری پرویز الٰہی کو وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو پی ٹی آئی اراکین پنجاب اسمبلی مستعفی ہو جائیں گے۔