اہم خبریں

معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی کا رواں سال کے شروع میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت “نیا سروے” شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے رواں سال کے شروع میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی) کے تحت “نیا سروے” شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اتوار کو جاری ہونے والے ایک ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے نئے سال کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کو کورونا اور سیلاب کی وجہ سے بہت نقصان اٹھانا پڑا لیکن ہم گراس روٹ لیول پر مستحق لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال خواجہ سراؤں کو بے نظیر کفالت پروگرام میں شامل کیا جا رہا ہے جو اس پسماندہ کمیونٹی کی مالی آزادی کو یقینی بنانے کی جانب ایک بہترین قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ سال کے آغاز میں بی آئی ایس پی کے پانچ لاکھ اسی ہزار مستحقین کفالت پروگرام کی نئی قسط حاصل کرنے جا رہے ہیں جبکہ ان مستحقین کے بچوں کے تعلیمی وظیفے بھی پہنچائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بحیثیت قوم قدرتی موسم اور مشکل وقت میں ہمیشہ ہاتھ ملایا اور اتحاد کے ساتھ تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پہلے کی طرح اس سال بھی قوم ایک نئے جذبے اور امید کے ساتھ ابھرے گی۔

متعلقہ خبریں