واشنگٹن(نیوز ڈیسک) سابق امریکی مندوب زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ مسٹر 10 پرسنٹ میں کسی شخص یا ملک کیلئے لابنگ نہیں کرتا، نہ ہی کسی کا ایجنٹ ہوں،میں نے صرف بحران سے نکلنے کی تجویز دی تھی۔ سماجی رابطو ں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری کا نام لیے بغیر سابق امریکی مندوب زلمے خلیل زاد نے کہا کہ میں پاکستان کے مسٹر 10 پرسنٹ کو جواب دے رہا ہوں کہ میں نے صرف پاکستان میں شدت اختیار کرتے بحران میں کیا کرنا چاہیے سے متعلق تجویز دی ہے ،کسی شخص یا ملک کے لیے لابنگ نہیں کرتا، نہ ہی کسی کا ایجنٹ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر ٹین پرسنٹ کو بی بی کی میراث کا احترام کرنا چاہیے،220 ملین لوگ تکلیف کا شکار ہیں جن کے کئی ممالک میں پوش گھر نہیں جہاں وہ بھاگ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اسٹیبلشمنٹ اور ملک کے سیاسی رہنماؤں کو قانون کی حکمرانی کا عہد کرنا چاہیے، سپریم کورٹ کو تقسیم کرنے سے نہیں، بلکہ اس کے فیصلوں پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ زلمے خلیل زاد تنخواہ دار آدمی ہے، تبھی وہ عمران خان کی حمایت کر رہا ہے۔
