اہم خبریں

وفاقی وزیرمذہبی امور عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بحق

اسلام آباد (نیوزڈیسک)وفاقی وزیرمذہبی امور عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے،تفصیلات کے مطابق ترجمان اسلام آبادپولیس نے بتایاکہ وفاقی وزیرمذہبی امور عبدالشکور میریٹ ہوٹل سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے کہ اس دوران شاہر ہ دستور پر ایک ہائی لیکس ریوومیں سوار پانچ افراد نے وفاقی وزیرمولاناعبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماردی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گئے، انہیں طبی امداد کیلئے پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے،حادثے کے نتیجہ میں وفاقی وزیر مولانا عبدالشکور کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، ان کے ساتھ موجود محافظ بھی شدید زخمی ہوئے، دوسری گاڑی میں سوار 5 میں سے 3 افراد کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے، پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔واضح رہے مولانا عبدالشکور کا تعلق جمعیت علمائے اسلام سے تھا، وہ این اے 51 سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے، پی ڈی ایم اتحاد کی حکومت بننے کے بعد مولانا عبدالشکور کو وفاقی وزیر مذہبی امور بنایا گیا تھا، چند روز قبل ہی انہوں نے اسحاق ڈار کے ساتھ حج پالیسی کا اعلان کیا تھا۔وفاقی وزیر مولانا عبدالشکور کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا عبدالشکور کی اچانک موت کی خبر سے دل بہت دکھی ہے، انہوں نے مرحوم کے بلند درجات اور ان کی فیملی کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

متعلقہ خبریں