کراچی(نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے خمیر میں کراچی دشمنی موجود ہے اور پیپلز پارٹی چاہتی ہی نہیں ہے کہ کراچی آبادی کو درست گناجائے۔پیر کو کورنگی عیدگاہ گراؤنڈ میں فیملی فیسٹیول کے شرکا ءسے خطاب میں حافظ نعیم نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے غلط مردم شماری منظور کرائی جب کہ پیپلزپارٹی کے خمیر میں کراچی دشمنی موجود ہے، پیپلز پارٹی چاہتی ہی نہیں ہے کہ کراچی آبادی کو درست گناجائے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے اور امن وامان کی بہتر صورتحال کےلیے شہر کی پولیس میں80 فیصد مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے، سندھ پولیس کے 40ہزار سے زائد اہلکار کراچی میں تعینات ہیں،ایک فیصد کا تعلق بھی کراچی سے نہیں، اس وقت کراچی میں سب سے سستی چیزانسانی جان بن گئی ہے، ایک ماہ میں کورنگی سے 4شہریوں کو مزاحمت کرنے پر شہید کردیا گیا۔دوسری جانب وزیربلدیات سندھ شاہ نے حافظ نعیم کابیان تعصب پرمبنی قرار دے دیا اور کہا کہ حافظ نعیم میئر بننے کے شوق میں تعصب کا مظاہرہ کرینگے، یہ اندازہ نہیں تھا، حافظ نعیم سیاسی طورپربالکل فارغ ہیں۔