اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کرسمس کا تہوار محبت اور اخوت کا پیغام دیتا ہے۔اتوار کو کرسمس کے موقع پر اپنے بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سالمیت میں مسیحی برادری کی گراں قدر خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس پر پوری قوم کی طرف سے پاکستان کی مسیحی برادری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں مسیحی آج کرسمس منا رہے ہیں، ویٹیکن میں کرسمس کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی جانب سے امن و آشتی کا پیغام دیا گیا۔دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کرسمس کی تقریبات جاری ہیں، کراچی، لاہور، فیصل آباد، پنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں کے گرجا گھروں میں دعائیہ تقاریب منعقد ہوئیں۔