اسلام آباد (نیوزڈیسک)قومی اسمبلی میں اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے قانون میں ترامیم کے بل کی منظوری دے دی ہے جس سے 31 دسمبر کو ہونے والے انتخابات مؤخر ہو گئے ہیں ۔ بل کے تحت وفاقی دارالحکومت کی یونین کونسلز کی تعداد 101 کے بجائے 125 ہوگئی ہے، 31 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے قبل 10 روز سے بھی کم وقت کے دوران ایوان میں بل پیش کیا گیا، اجلاس میں واضح طور پر کورم کی کمی کے دوران یہ بل منظور کیا گیا جبکہ ایوان کی کارروائی 40 منٹ سے بھی کم وقت تک جاری رہی۔واضح ہے کہ یونین کونسل کی تعداد میں اضافے کے علاوہ میئر اور ڈپٹی میئر کے دفاتر کے لیے براہ راست انتخابات کی فراہمی قومی اسمبلی سے منظور کیے گئےبلدیاتی انتخابات کے ترمیمی بل کی اہم خصوصیات میں شامل ہیں، ترمیم شدہ اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری قانون کی دفعہ 6 (1) کے تحت اسلام آباد میں 125 یونین کونسل ہوں گی، وفاقی حکومت وزارت داخلہ کی سفارش پر سرکاری گزٹ میں نوٹی فکیشن کے ذریعے وقتاً فوقتاً یونین کونسل کی تعداد میں اضافہ یا کمی کر سکتا ہے۔اسی طرح متبادل سیکشن 12(3) کے مطابق میئر اور ڈپٹی میئر کا الیکشن براہ راست ہوگا، دونوں عہدوں کے لئے ایک ہی ووٹ کاسٹ ہوگا، دفعہ 11 کے تحت میئر اور ڈپٹی میئر کے براہ راست انتخاب کے لئے ووٹنگ یونین کونسل کے الیکشن کے روز ہی ہوگی۔