اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسلام آبادبڑی تباہی سے بچ گیا، سیکٹرآئی 10 میں خودکش دھماکہ ،1پولیس اہلکار شہید،4 زخمی ہوئے۔ جمعہ کو وفاقی دارالحکومت کے علاقے سیکٹر آئی 10 میں بیرونی روڈ پر گاڑی میں دھماکا ہوا ہے،ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خودکش تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق اہل کاروں نے ایک ٹیکسی کو روکا اور تلاشی کی تو دھماکا ہوگیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں ایک پولیس اہل کار شہید ہوگیا جب کہ 3اہل کار زخمی ہوئے ہیں، جنہیں پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔شہید اہل کار کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمیوں میں اہل کار محمد حنیف، محمد یوسف اور محمد بلال شامل ہیں۔ دھماکے میں 2 شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی میں موجود شخص بھی ہلاک ہوگیا۔ گاڑی میں دھماکا بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور غیر متعلقہ گاڑیوں کی نقل و حرکت روک دی گئی ہے۔دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی ٹیمیں جائے وقوع پہنچ گئے جب کہ ملحقہ علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 فور میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعظم نے واقعے میں شہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا۔قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے ۔دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں دھماکے کے بعد ضلع راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ اسلام آباد کے جڑواں شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی ناکا بندی کرکے حکام نے نماز جمعہ کے اجتماعات کو سخت سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ترجمان اسلام آباد کیپٹل پولیس کے مطابق بروقت کارروائی سے شہر دہشت گردی کے بڑے حملے سے محفوظ رہ گیا۔ شہدا اور زخمی جوانوں کو قوم کی جانب سے سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشت گرد کچھ عرصے سے پولیس کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے کو شکست دے سکیں۔ دہشت گرد پولیس اور عوام پر حملہ کرنے کی غرض سے گنجان آباد علاقے میں دھماکا کرنا چاہتے تھے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد سہیل ظفر چٹھہ کا کہنا ہے کہ ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو روکا جس میں ایک مرد اور ایک عورت موجود تھے، گاڑی میں موجود شخص نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑایا۔ ڈی آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے وفاقی دارالحکومت کوبڑی تباہی سے بچا لیا، دھماکے میں ایک اہلکارشہید اور 4 زخمی ہوئے۔