اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فرازنے کہا کہ اراکین نےقومی اسمبلی کے اجلاس میں اپنے اجتماعی استعفے پیش کرنے کی بجائے سپریم کورٹ جانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین نے جمعرات کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپنے اجتماعی استعفے پیش کرنے کے بجائے سپریم کورٹ جانے کی تیاری شروع کر دی ہے لیکن اس وقت کوئی بینچ دستیاب نہیں،معاملے کو سپریم کورٹ لے جانے کا اعلان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کیا جنہوں نے اعلان سے کچھ دیر قبل اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے ملاقات بھی کی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا ہے کہ وہ استعفے منظور کرنے کے لیے کوئی دباؤ قبول نہیں کریں گے۔یاد رہے کہ کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے اعلان کیا تھا کہ اس کے اراکین قومی اسمبلی میں جا کر استعفے دینے کا اعلان کریں گے۔ تحریک انصاف کے 123 اراکین نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے موقع پراستعفے دیئے تھے جن میں سے کچھ استعفے اسپیکر نے منظور کیے جب کہ باقی اس بنا پر منظور نہیں کیے گئے کہ ان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ قواعد کے مطابق استعفے کی منظوری سے قبل اسپیکر اس کی تصدیق کرتا ہے۔