پی ٹی آئی ہنگامہ برپا کرنا چاہتی ہے،کوئی سیاسی بحران نہیں،اگر ایسا ہواتو 2ماہ کیلئے گورنر راج لگایا جائیگا، رانا ثنااللہ

لاہور (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی ہنگامہ برپا کرنا چاہتی ہے۔ چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب اپنی ذمہ داری نبھائیں، پنجاب میں کوئی سیاسی بحران نہیں،اگر ایسا ہواتو 2ماہ کے لیے گورنر راج لگایا جائیگا، نئے وزیر اعلیٰ کے ناموں پر غور نہیں کیا، حمزہ شہبازہمارےامیدوار ہوں گے۔جمعرات کو وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویزالہٰی اب آئینی طور پر وزیراعلیٰ پنجاب نہیں۔گورنر کی جانب سے ڈی نوٹیفائی آج جاری ہونا چاہیے،گورنر کی طرف سے نوٹیفکیشن ایک رسمی کارروائی ہے، پرویزالہٰی نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا ،گورنرکسی بھی وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتے ہیں،گورنر نے جو وقت لیا اس میں کوئی مضحکہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہنگامہ برپا کرنا چاہتی ہے۔ چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب اپنی ذمہ داری نبھائیں۔اگر آج یہاں پر ہنگامہ آرائی کی گئی تو اس کا بندوبست کیاگیاہے۔انہوں نے کہا ہے کہ نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے اسمبلی کا اجلاس بلایاجائے گا۔فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے پر گورنر وفاق کو گورنر راج کے لیے خط لکھ سکتے ہیں۔وفاقی کابینہ کی منظور ی کے بعد گورنر راج لگ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئی سیاسی بحران نہیں،اگر ایسا ہواتو 2ماہ کے لیے گورنر راج ہوگا۔معاملات طے نہ ہوئے تو گورنر راج 6ماہ تک لگ جائے گا۔صدر مملکت کو وزیراعظم کی ایڈوائس پر عمل کرنا ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7 ماہ سے اسلام آباد میں ہنگامہ برپا کرنے کی کوشش کی گئی، اگر ادھر ہنگامہ کریں گے تو سارے انتظامات موجود ہیں۔