اسلام آباد(نیوزڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی 9مارچ تک عبوری ضمانت منظورکرلی،منگل کواسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کی تھی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ضمانت منظور ہونے پر عمران خان نے کھڑے ہوکر عدالت کا شکریہ ادا کیا،عدالت نے عمران خان کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے 9مارچ تک عبوری ضمانت منظور کرلی،عبوری ضمانت سے قبل سابق وزیر اعظم عمران خان بائیو میٹرک کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے، بائیو میٹرک کی تصدیق کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سابق وزیر اعظم عمران خان کی گاڑی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر لے جانے کی خصوصی اجازت دی گئی، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بھی ان کے ساتھ تھے۔واضح رہے اس سے قبل ممنوعہ فنڈنگ کیس اور الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کرنے اور کار سرکار میں مداخلت کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی عبوری ضمانتیں منظور کی گئی ہیں۔















