ریاست کسی بھی دہشت گرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی، وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعظم شہبازشریف کا کہناہے کہ ریاست کسی بھی دہشت گرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی، دہشت گردی کے ذریعے پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی مزموم کوشش سختی سے کچل دیں گے۔بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں میں دیگردہشت گردوں کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی کا مسئلہ قومی سلامتی کا حساس مسئلہ ہے، اجتماعی سوچ اورلا ئحہ عمل کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کسی بھی دہشت گرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی،دہشت گردوں کے ساتھ آئین اورقانون کے مطابق نمٹا جائے گا ،وفاقی حکومت دہشت گردوں کی بیرونی سہولت کاری اورپناہ گاہوں کا سدباب بھی کرے گی، پوری قوم اپنی شیر دلیر افواج کے شانہ بہ شانہ دہشت گردی کا خاتمہ کرکے رہے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاک افواج کے جذبے اورعزم کوخراج تحسین پیش کرتے ہوے زخمیوں کوعلاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ اداروں کے افسروں اورجوانوں کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، شہدا کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے ،ردا لفساداور ضرب عضب دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اہم اقدامات تھے ،امن و امان کی بنیادی ذمہ داری صوبوں کی ہے لیکن وفاق ان سنگین مسائل پرآنکھیں بند نہیں کرسکتا ،دہشت گردی کے مقابلے کے لئے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔