لاہور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اور اعتماد کے ووٹ کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی نے ارکان اسمبلی کو اہم ہدایات جاری کردیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اور اعتماد کے ووٹ کے معاملے پر عمران خان نے آج لیگل ٹیم کا اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کو گورنر بلیغ الرحمان کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کے معاملے پر مشاورت ہو گی، اجلاس میں عدم اعتماد کی تحریک کے قانونی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔عمران خان ملکی سیاسی صورتحال اور اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر بھی قانونی ٹیم سے مشاورت کریں گے، وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنانے اور اعتماد کے ووٹ میں کامیابی کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی نے تمام اراکین اسمبلی کو لاہور میں رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔