اسلام آباد ( اے بی این نیوز) خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں صوبے کی موجودہ سیاسی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خیبرپختونخوا سے متعلق آئینی و قانونی امور پر بریفنگ دی، جبکہ مختلف آئینی اور قانونی آپشنز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے مبینہ پس پردہ رابطوں کے حوالے سے شرکا کو اعتماد میں لیا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے حالات سے نمٹنے کے لیے آئین کے متعلقہ آرٹیکلز کے تحت مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا، تاہم گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا سے متعلق کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل تمام متعلقہ سیاسی اور دیگر اہم فریقین کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کا طریقہ کار آئین میں موجود ہے اور ایسا کوئی بھی اقدام آئینی شرائط پوری ہونے کی صورت میں ہی کیا جاسکتا ہے۔
مزیدپڑھیں:عازمین حج کے لیے اہم پیش رفت، حج انتظامات کا جائزہ اجلاس جاری















