اسلام آباد (اے بی این نیوز) ایشیا کپ کی مینز اور ویمنز ٹرافیوں کے معاملے پر نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ کو دونوں ٹرافیاں جلد ملنے کی امید پوری ہوتی نظر نہیں آرہی۔
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کی مینز اور ویمنز دونوں ٹرافیاں اس وقت پاکستان میں موجود ہیں اور فی الحال ان کی واپسی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
گزشتہ برس بھارتی مینز ٹیم نے دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی، جبکہ گزشتہ اتوار بھارتی ویمنز ٹیم نے بھی کامیابی کے بعد ٹرافی وصول نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ٹرافیاں اب بھی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی کے پاس ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹرافیاں حاصل کرنے کے لیے بھارت کو رضامندی ظاہر کرنا ہوگی، جبکہ دونوں ٹرافیاں اے سی سی کے صدر محسن نقوی ہی حوالے کریں گے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا کا بیان بھی سامنے آیا تھا کہ ایشیا کپ کی دونوں ٹرافیاں ایک روز ممبئی میں بی سی سی آئی کے ہیڈکوارٹر ضرور پہنچیں گی، تاہم انہوں نے ٹرافیوں کی واپسی کے لیے کوئی حتمی مدت بتانے سے گریز کیا تھا۔
مزید پڑھیں:الیکٹرک اسکوٹرز بغیر سود کےآسان اقساط پر حاصل کریں















