اہم خبریں

حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے اسلامی امہ متحد ہو جائے، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

اسلام آباد (رضوان عباسی ) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے مسلم ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی امہ کو متحد ہو کر حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مکہ مکرمہ پر حوثیوں کی جانب سے مبینہ ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر حوثی عناصر باز نہ آئے تو ان کے خلاف قرار واقعی اقدام کیا جانا چاہیے۔

سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر اسلامی نظریاتی کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا کہ مغربی ممالک اور امریکہ مسلمانوں کے ساتھ دوہرے اور تہری رویے اختیار کرتے رہے ہیں۔ ان کے مطابق طویل عرصے تک سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک سے تحفظ کے نام پر مالی فوائد حاصل کیے گئے، تاہم موجودہ صورتحال میں حوثیوں کے ساتھ پس پردہ مذاکرات اور ملاقاتیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کو اس صورتحال پر غور کرنا چاہیے اور مسلم ممالک کے درمیان ایسا دفاعی اتحاد تشکیل دیا جانا چاہیے جو ضرورت کے وقت ایک دوسرے کی مدد کر سکے۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے ایران پر بھی زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے اپنی پراکسیز کو روکنے کیلئے اقدامات کرے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جنگی معاملات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں کے حوالے سے سیرتِ رسول ﷺ سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے، مسلم ممالک کو ان اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے معاملات آگے بڑھانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے عرب کے بدو معاشرے میں بنیادی تبدیلیاں پیدا کرکے اسے معاشرتی اور معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔


سیمینار سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حافظ سجاد نے کہا کہ زندگی کے تمام معاملات میں سیرتِ طیبہ ﷺ کی پیروی ضروری ہے۔ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، ان کے اخلاق و کردار کی تعمیر سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے استعمال نے نوجوانوں میں فکری انتشار کے نئے چیلنجز پیدا کیے ہیں، جبکہ عقائد، عبادات، معاشرت اور معیشت سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں رہنمائی سیرت النبی ﷺ سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

سیمینار میں علامہ ڈاکٹر رفاقت جلالی، پروفیسر ڈاکٹر حمید چشتی، سیکرٹری اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر غلام دستگیر شاہین، چیف ریسرچ آفیسر ڈاکٹر غلام ماجد سمیت دیگر علماء، اسکالرز اور متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما عثمان فاروق کی نظر بندی کالعدم قرار

متعلقہ خبریں