لاہور( اے بی این نیوز)مقامی مارکیٹ میں پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں نیا ردوبدل سامنے آیا ہے، جس کے تحت برائلر گوشت 7 روپے فی کلو سستا جبکہ انڈے 2 روپے فی درجن مہنگے ہوگئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری نئے نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 447 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں صافی گوشت 500 روپے فی کلو تک فروخت کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
نئے نرخوں کے مطابق زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 5 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے۔ فارم گیٹ پر زندہ برائلر 280 روپے، ہول سیل مارکیٹ میں 294 روپے جبکہ پرچون بازار میں 308 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں 2 روپے فی درجن اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد انڈوں کا نیا پرچون نرخ 247 روپے فی درجن مقرر کیا گیا ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی کی قیمت 7 ہزار 290 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ طلب و رسد، مرغیوں کی خوراک کی قیمتوں اور موسمی حالات کے باعث جاری رہتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ کم ہونے کے باوجود بعض دکاندار مقررہ نرخ نامے پر عمل نہیں کرتے اور اپنی مرضی کی قیمتیں وصول کرتے ہیں، جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں:طلبہ اور والدین کے لیے بڑی خبر، تعلیمی ادارے 2 دن بند رکھنے کا اعلان















