اہم خبریں

وزیراعظم کا بڑا اقدام، پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت دینے کا اعلان

وزیراعظم کا بڑا اقدام، پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت دینے کا اعلان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث عوام پر پڑنے والے اضافی بوجھ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو مکمل احساس ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑی استعمال کرنے والوں پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم کرنے کے لیے خصوصی ریلیف اسکیم شروع کی جارہی ہے۔

وزیراعظم کے مطابق اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔

دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ریلیف فراہم کیا جائے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف ملے گا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ اسلام آباد کی حدود میں اسکیم کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ ملک بھر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع کردیا گیا ہے۔ رجسٹریشن کے طریقہ کار سے متعلق عوام کو آگاہی مہم کے ذریعے تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔

دوسری جانب وزیراعظم نے موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی اور رجسٹریشن کے عمل میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مزید پڑھیں‌:پیٹرولیم لیوی، حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات میں اہم پیش رفت

متعلقہ خبریں