اہم خبریں

حکومت اور پیپلز پارٹی میں پس پردہ رابطے جاری، ڈیڈ لاک توڑنے میں اہم پیش رفت

حکومت اور پیپلز پارٹی میں پس پردہ رابطے جاری، ڈیڈ لاک توڑنے میں اہم پیش رفت

اسلام آباد (اے بی این نیوز) حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی کشیدگی کے خاتمے اور اہم معاملات پر اتفاق رائے کے لیے پس پردہ رابطے جاری ہیں، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق مبینہ طور پر ڈیڈ لاک توڑنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے پیپلز پارٹی سے مذاکرات کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو مکمل مینڈیٹ دے دیا ہے، جس کے بعد پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی مثبت جواب سامنے آیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون سازی کے معاملے پر پیپلز پارٹی لچک کا مظاہرہ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی درخواست پر قومی اسمبلی کا اجلاس 21 ستمبر کو بلانے کا فیصلہ بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔ اب قومی اسمبلی کا اجلاس اکتوبر کے آغاز میں بلائے جانے کا امکان ہے۔

اسپیکر ایاز صادق نے پیپلز پارٹی سے جاری مذاکرات اور رابطوں پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔ بعض آئینی عہدوں پر تبدیلی کا معاملہ بھی فی الحال موخر کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت بلوچستان کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے اقدامات کرے گی، جبکہ بلوچستان حکومت میں فوری تبدیلی کا امکان نہیں۔ اسپیکر ایاز صادق کا حالیہ دورہ بھی اسی مفاہمتی عمل کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتدر حلقوں کی جانب سے بھی اسپیکر کی مفاہمتی اور مذاکراتی کوششوں کی مکمل حمایت کی جا رہی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی نے بھی سردار ایاز صادق پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اسپیکر نے حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی کشیدگی ختم کرنے کے لیے مرکزی قیادت سے رابطے کیے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی حکومت سے مذاکرات کی تصدیق کرچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اب صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات کرانے کے لیے بھی کوششیں کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:فہد ہارون کی صحافیوں سے ملاقات، ڈیجیٹل میڈیا کے چیلنجز اور مواقع پر تبادلہ خیال

متعلقہ خبریں