اہم خبریں

صفر فیصد نتیجہ دینے والے سرکاری اسکولوں کے سربراہان کے خلاف بڑا ایکشن

لاہور (6 ستمبر 2026): پنجاب میں نویں جماعت کے امتحانات میں ناقص کارکردگی دکھانے والے صفر فیصد نتائج والے اسکول کے سربراہان کے خلاف محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے صوبے بھر سے ان اسکولوں کی مکمل تفصیلات طلب کرلی ہیں جہاں حالیہ امتحانات میں ایک بھی طالب علم کامیاب نہیں ہوسکا۔ حکام کی جانب سے ایسے اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔

راولپنڈی بورڈ کے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں مجموعی طور پر 184 اسکولوں کا نتیجہ صفر فیصد رہا۔ ان میں 81 سرکاری اسکول بھی شامل ہیں۔

دستیاب اعدادوشمار کے مطابق راولپنڈی کے 91، اٹک کے 35 اور چکوال کے 26 اسکولوں کا نتیجہ صفر فیصد رہا۔ اس کے علاوہ جہلم کے 24، مری کے 10 اور تلہ گنگ کے 8 اسکول بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

اسکول سربراہان سے جواب طلبی
ذرائع کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن نے صفر فیصد نتیجہ دینے والے اسکولوں کے سربراہان سے جواب طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ سربراہان سے تعلیمی نتائج کی خراب صورتحال کی وجوہات دریافت کی جائیں گی۔

محکمہ کی جانب سے مسلسل ناقص نتائج دینے والے اداروں اور ذمہ دار افسران کی بھی نشاندہی کی جائے گی۔ ناقص تعلیمی کارکردگی ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ اسکول سربراہان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے اسکولوں کی کارکردگی پر نظر رکھی جا رہی ہے اور خراب نتائج کے ذمہ دار افراد کا تعین کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں