اہم خبریں

اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں نہ رکھنے کا حکم

اسلام آباد(اے بی این نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں نہ رکھنے کا حکم دیدیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں مبینہ قید تنہائی میں رکھنے کیخلاف درخواستوں کا فیصلہ ہدایات کیساتھ نمٹا دیا۔

علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی جبکہ مبشرہ خاور مانیکا نے بشریٰ بی بی کی قید تنہائی کیخلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔

اسلام آ باد ہائیکورٹ کے فیصلے میں جیل حکام کو بشریٰ بی بی سے بانی پی ٹی آئی کی ملاقات کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سپرینٹنڈنٹ اڈیالہ جیل یقینی بنائیں کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں نہ رکھا جائے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جیل قوانین کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی فیملی سے ملاقات کروائی جائے، اور عمران خان کی بیٹوں سے ٹیلی فونک گفتگو کروائی جائے۔

عدالت کے فیصلے میں عمران خان کو روزانہ کی بنیاد پر اخبارات اور کتابیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی آڈیو ریکارڈ کرکے اس کا غلط استعمال ہو تو یہ سہولت واپس لے لی جائے، بانی پی ٹی آئی کو جیل رولز کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نصرت بھٹو کیس، بیگم شمیم آفریدی کے فیصلوں کے مطابق درخواستیں قابل سماعت قرار دیتے ہوئے سپرینٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالتی ہدایات پر عمل یقینی بنانے کا حکم دیا اور کہا کہ 15 دن میں عملدرآمد رپورٹ جمع کرائی جائے۔

مزید پڑھیں۔امریکا ایران میں کشیدگی، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں

متعلقہ خبریں