لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لارڈز ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد ٹیسٹ اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔
ریلیز کیے جانے والے کھلاڑیوں میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، علی عثمان، عامر جمال، محمد اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق ان کھلاڑیوں کی جگہ مجموعی طور پر 7 نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جن میں 5 ایسے کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے ابھی تک ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی، جبکہ 2 کھلاڑی ٹیسٹ سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
متبادل کھلاڑیوں میں صائم ایوب اور عبداللہ شفیق شامل ہیں، جو بالترتیب 8 اور 2 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔
بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ کرنے والے آل راؤنڈر عرفات منہاس بھی اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔ وہ پاکستان کی جانب سے 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عمران جونیئر، وکٹ کیپر بیٹر اور قائداعظم ٹرافی 2025-26 کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ سعد بیگ، آل راؤنڈر محمد عمران اور رضااللہ شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق تمام نئے کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
دوسری جانب پی سی بی نے کوچنگ اسٹاف میں بھی تبدیلی کردی ہے۔ سرفراز احمد اور عمر گل کو کوچنگ اسٹاف سے ریلیز کردیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ اور کوچنگ اسٹاف میں ہونے والی یہ تبدیلیاں ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دی جارہی ہیں۔
مزید پڑھیں:سونا خریدنے والوں کے لیے بڑی خبر، قیمت اچانک گر گئی















