اہم خبریں

اسناد کی تصدیق کے نام پر فراڈ،ایچ ای سی نے انتباہ جاری کردیا

اسلام آباد(اے بی این نیوز)ہائر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی ) نے کہا ہے کہ اسناد کی تصدیق کے لیے سرکاری طریقہ کار اور ویب سائٹ ہی استعمال کی جائے ۔

واضح رہے ملک کے مختلف شہروں میں غیر مجاز افراد خود کو ایچ ای سی کے تصدیقی ایجنٹ ظاہر کرکے مارکیٹ میں سرگرم ہیں۔

ایچ ای سی کی جانب سے جاری عوامی انتباہ میں کہا گیا ہے کہ بعض افراد خود کو ’’ایجنٹ‘‘ ظاہر کرکے درخواست گزاروں کو ایچ ای سی سے تعلیمی دستاویزات کی تصدیق کرانے میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کر رہے ہیں لہٰذا شہری ایسے عناصر سے انتہائی محتاط رہیں۔

ایچ ای سی نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ذاتی اور تعلیمی معلومات غیر مجاز افراد کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں تاکہ انہیں ممکنہ فراڈ اور جعل سازی کی سرگرمیوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔


کمیشن کے مطابق تعلیمی اسناد کی تصدیق کا عمل مکمل طور پر آن لائن اور کاغذ سے پاک ہےجس میں تیز، آسان اور سہل سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

درخواست گزاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دستیاب ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی تصدیق کی درخواستیں ذاتی طور پر جمع کرائیں۔ ایچ ای سی نے واضح کیا کہ اسناد کی تصدیق کے لیے سرکاری طریقہ کار اور ویب سائٹ ہی استعمال کی جائے اور کسی غیر مجاز شخص یا ایجنٹ پر اعتماد نہ کیا جائے۔
مزید پڑھیں: اوپن مارکیٹ میں ڈالر سمیت اہم کرنسیوں کے نئے ریٹس جاری

متعلقہ خبریں