اہم خبریں

عروبہ مرزا کے الزامات پر ثاقب چدھڑ کا اہم ردعمل سامنے آگیا

لاہور: عروبہ مرزا کے الزامات کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ نے سوشل میڈیا پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکارہ کی جانب سے شیئر کیے گئے مبینہ چیٹ اسکرین شاٹس سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔

ثاقب چدھڑ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں مؤقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے پیغامات ان کے آفیشل اکاؤنٹ سے نہیں بھیجے گئے۔ ان کے مطابق یہ گفتگو ایک جعلی اکاؤنٹ سے منسوب کی جا رہی ہے، جبکہ وہ اپنا تصدیق شدہ اور اصل سوشل میڈیا اکاؤنٹ خود استعمال کرتے ہیں۔

رکن پنجاب اسمبلی نے مزید لکھا کہ ان کا ان مبینہ چیٹس سے کوئی تعلق نہیں اور انہیں غلط انداز میں اس معاملے سے جوڑا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی کہا، “عروبہ مرزا کبھی بھی میرے لیے اہم نہیں رہیں، اور دشمن بھی خاندانی ہونا چاہیے۔”

دوسری جانب اداکارہ عروبہ مرزا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر چند مبینہ پرانے چیٹ اسکرین شاٹس شیئر کیے تھے۔ ان اسکرین شاٹس میں بظاہر ثاقب چدھڑ کے نام سے منسوب ایک اکاؤنٹ کی جانب سے گفتگو شروع کرنے اور بعد ازاں اسنیپ چیٹ پر بات جاری رکھنے کی درخواست دکھائی گئی۔

اداکارہ نے ان اسکرین شاٹس کے ساتھ لکھا، “مومنہ اقبال، سیدہ طوبیٰ اور اب میں بھی۔” اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر معاملہ زیر بحث آ گیا اور مختلف صارفین نے اپنی اپنی آراء کا اظہار کیا۔

تاحال ان مبینہ چیٹ اسکرین شاٹس کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ عروبہ مرزا کے الزامات اور ثاقب چدھڑ کی وضاحت کے بعد معاملہ سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں