اہم خبریں

سونے کی قیمت میں معمولی اضافہ، فی تولہ نرخ پھر بڑھ گئے

ویب ڈیسک: سونے کی قیمت میں پیر کے روز معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور 10 گرام سونے کے نئے نرخ جاری کر دیے گئے۔ تازہ اضافے کے باعث قیمتی دھات خریدنے کے خواہشمند افراد کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ قیمت ادا کرنا ہوگی۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 300 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 24 ہزار 536 روپے مقرر کر دی گئی۔

اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونا 258 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 63 ہزار 971 روپے میں فروخت ہونے لگا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی نمایاں طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فی تولہ چاندی 107 روپے اضافے کے بعد 6 ہزار 177 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی 91 روپے مہنگی ہو کر 5 ہزار 295 روپے میں فروخت ہونے لگی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں تبدیلی، ڈالر کی قدر اور معاشی صورتحال مقامی صرافہ بازار پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہے۔ اگر عالمی منڈی میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اضافہ برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں مقامی مارکیٹ میں بھی مزید رد و بدل کا امکان موجود ہے۔

خریداروں اور سرمایہ کاروں کی نظریں اب عالمی معاشی حالات اور بین الاقوامی مارکیٹ کی صورتحال پر مرکوز ہیں، کیونکہ انہی عوامل کی بنیاد پر سونے کی قیمت میں آئندہ اتار چڑھاؤ متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں