اہم خبریں

آئی ایم ایف سے ستمبر میں اہم مذاکرات متوقع، کامیابی پر پاکستان کو نئی اقساط ملنے کا امکان

اسلام آباد(رضوان عباسی)حکومتِ پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان توسیعی فنڈ فیسلیٹی (EFF) اور کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے اگلے جائزہ مذاکرات ستمبر 2026 میں متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں پروگراموں کے جائزے کے لیے بیک وقت مذاکرات کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران گزشتہ مالی سال کی دوسری ششماہی کے دوران پاکستان کی معاشی کارکردگی، مالیاتی اہداف اور اصلاحاتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں دونوں پروگراموں کے تحت پاکستان کے لیے اگلی اقساط جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق توسیعی فنڈ فیسلیٹی پروگرام کے تحت یہ چوتھا جائزہ ہوگا، جبکہ کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے تیسرے جائزے کے لیے بھی اسی دوران مذاکرات کیے جائیں گے۔ کامیاب جائزے کے بعد پاکستان کو توسیعی فنڈ فیسلیٹی پروگرام کی پانچویں قسط اور کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت بھی اگلی قسط کی مد میں فنڈز موصول ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو دونوں پروگراموں کے تحت اب تک مجموعی طور پر 4 ارب 60 کروڑ ڈالر سے زائد کی رقم موصول ہو چکی ہے۔
پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے ساتھ بیک وقت دو قرض پروگراموں میں شامل ہے، جن میں 7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا توسیعی فنڈ فیسلیٹی (EFF) پروگرام اور ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کا کلائمٹ فنانسنگ پروگرام شامل ہے۔
مزیدپڑھیں: غیر ملکی خواتین کے اغوا اور زیادتی کیس کی تفتیش میں بڑی پیش رفت

متعلقہ خبریں