اہم خبریں

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کا ہنگامہ، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کا ہنگامہ، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران حکومتی رکن احسن رضا کی تقریر کے دوران ایوان میں ہنگامہ آرائی ہو گئی۔ اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور احتجاج شروع کردیا۔ اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے لڑائی کے لیے ایک دوسرے کی طرف بڑھنے کی کوشش کی۔

پولیس افسر عمر ورک کے بیٹے اپوزیشن رکن اویس ورک نے حکومتی رکن احسن رضا کو گالیاں دیں۔ حکومتی رکن احسن رضا نے اپوزیشن رکن اویس ورک کے والد عمر ورک کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے۔ اپوزیشن ارکان نے عمر ورک کے بارے میں نازیبا الفاظ پر احسن رضا سے معافی کا مطالبہ کیا۔ احسن رضا معافی مانگے بغیر ایوان سے باہر جانے لگے تو اپوزیشن ارکان نے احتجاج شروع کر دیا۔

اویس ورک نے کہا کہ میرے والد نے ملک پاکستان کے لیے قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ، نیول وار کالج، سری لنکن کرکٹ ٹیم، ایف آئی اے، مناواں پولیس، داتا دربار، مون مارکیٹ، واہگہ بارڈر اور قلعہ گجر سنگھ کے باہر خودکش دھماکے ہوئے۔ جب گجرات میں آرمی کیمپ پر بمباری ہوئی اور سپاہی شہید ہوئے تو میرے والد نے تمام دہشت گردوں کو پکڑا۔ نواز شریف اور شہباز شریف پر حملہ کرنے والے کو میرے والد نے پکڑا۔ میرے والد نے لاہور میں 71 دہشت گردوں سے تفتیش کی۔ میرے والد کے ہاتھوں پکڑے گئے دہشت گرد کو سزائے موت دی گئی۔

اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد نے بھی حکومتی رکن احسن رضا کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمر ورک میرے بڑے بھائی ہیں۔ عمر ورک کا بیٹا اویس ورک پڑھا لکھا ہے۔ اس معاملے کی تفصیل میں جانا ہو تو ہم سے بہتر کوئی نہیں۔

حکومتی رکن احسن رضا نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی مداخلت ختم کرنے کا سہرا مریم نواز کو جاتا ہے جنہوں نے غلط روایت اور کلچر کا خاتمہ کیا۔ پی ٹی آئی نے ساڑھے چار سال حکومت کی تو پوری ریاست فیض حمید کی سرپرستی میں دی گئی۔ پی ٹی آئی نے کروڑوں نوکریوں اور لاکھوں گھروں کا وعدہ کر کے قوم سے دھوکہ کیا لیکن مریم نواز جھوٹے وعدوں پر عمل کر رہی ہیں۔ جب نواز شریف پاکستان میں ایٹمی دھماکہ کریں گے تو اس ایٹم بم پر نواز شریف کا نام ہوگا۔ نواز شریف کراچی کی بدامنی کو امن میں بدل دیں تو نواز شریف کا نام امن پر ہو گا۔ مریم نواز نے بزدار کا کرپٹ نظام ٹھیک کرنے کی کوشش کی تو کریڈٹ مریم نواز کو جائے گا۔

احسن رضا نے کہا کہ عوام جانتی ہے کہ کون جھوٹ بول رہا ہے۔ نواز شریف نے کسی کو گالی نہیں دی، ثابت قدمی کی اس سیاست کو دنیا تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپلیمنٹری گرانٹ کام کے لیے ہے، روڈ انفراسٹرکچر پر کام ہوا ہے، سرگودھا، خوشاب، قصور سے دیپالپور تک سڑکیں بنائی گئی ہیں۔

ڈی ایچ کیو میں یونیورسٹی کیمپس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہم نے کام کے لیے سپلیمنٹری بجٹ رکھا ہے۔ دیہاتوں میں بی ایچ یو یا ڈسپنسریاں نہیں تھیں، بھوت بنگلے بنے ہوئے تھے، ہم نے اسے جدید ترین شکل دے دی ہے۔ ہم نے جنگلات بنائے ہیں، سیفن لاہور سے اوکاڑہ جاتا ہے، وہاں جنگلات اگائے گئے، انہیں کاٹا نہیں گیا۔

مریم نواز نے پنجاب کو یورپ جیسا بنا دیا ہے۔ احسن رضا نے کہا کہ سی سی ڈی پر تنقید کرنے والے کے والد عمر ورک پولیس کا پیشہ ور قاتل ہے۔ سی سی ڈی ان جیسے گندے انڈوں کو ختم کر رہی ہے۔ احسن رضا نے کہا کہ عمر ورک ایک پیشہ ور پولیس افسر تھے اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:حج رجسٹریشن پر بڑی اپڈیٹ، جانیے مکمل تفصیلات

متعلقہ خبریں