لندن (اے بی این نیوز) بھارت کے 15 سالہ کم عمر کرکٹر ویبھو سوریا ونشی کو انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی 20 سیریز کے دوران خصوصی حفاظتی ضوابط کے تحت اپنی ٹیم سے الگ ڈریسنگ روم استعمال کرنا ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انتظام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے ان حفاظتی قوانین کے تحت کیا گیا ہے جو 16 سال سے کم عمر کھلاڑیوں پر لاگو ہوتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ویبھو سوریا ونشی میچز، پریکٹس سیشنز اور ٹیم میٹنگز میں بھارتی اسکواڈ کے ساتھ موجود رہیں گے، تاہم کپڑے تبدیل کرنے اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کے لیے انہیں علیحدہ ڈریسنگ روم فراہم کیا جائے گا۔ متبادل انتظام کے طور پر وہ مرکزی ڈریسنگ روم کو بھی الگ وقت پر استعمال کر سکیں گے، بشرطیکہ وہاں دیگر سینئر کھلاڑی موجود نہ ہوں۔
یہ ضوابط انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز اور آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی 20 میچوں کے دوران بھی نافذ رہیں گے۔ بھارتی ٹیم کو اس مقصد کے لیے اضافی کمرے فراہم کیے گئے ہیں اور ٹیم انتظامیہ کو تمام حفاظتی ہدایات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ای سی بی کے مطابق کھلاڑی کی کم عمری کے پیش نظر تمام حفاظتی تقاضوں پر سختی سے عمل کیا جائے گا، جبکہ ویبھو سوریا ونشی کے والدین بھی پورے دورے کے دوران ان کے ساتھ رہیں گے۔ والدین کے قیام کے اخراجات بھارتی کرکٹ بورڈ برداشت کرے گا۔
واضح رہے کہ ویبھو سوریا ونشی اس سے قبل انڈین پریمیئر لیگ، بھارت اے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کر چکے ہیں۔ اگر وہ انگلینڈ یا آئرلینڈ کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرتے ہیں تو بھارت کے کم عمر ترین مرد انٹرنیشنل کرکٹر بننے کا اعزاز حاصل کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:شاداب خان کا نیا کرکٹ معاہدہ،لنکا شائر سے کھیلنے کا اعلان















