اہم خبریں

اسلام آباد کی اہم سڑکیں بند ، شہری کون سے راستے استعمال کریں ؟

اسلام آباد(اے بی این نیوز)ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے دورہ پاکستان کے موقع پر آج وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی اور سرکاری نقل و حرکت کے پیش نظر خصوصی ٹریفک پلان نافذ کر دیا گیا ۔ حکام کے مطابق ہر قسم کی بھاری گاڑیوں کے اسلام آباد میں داخلے پر پابندی عائد رہے گی۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق میریٹ روڈ اور مارگلہ روڈ کے علاوہ ریڈ زون کے تمام داخلی راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہیں گے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کورال سے فیض آباد تک ایکسپریس وے ، مری روڈ اور کلب روڈ پر مختلف مقامات پر ٹریفک کا رخ موڑا جائے گا۔ اسی طرح سری نگر شاہراہ زیرو پوائنٹ سے ڈھوکری چوک تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل بند رہے گی۔

فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ کی جانب آنے اور جانے والی گاڑیوں کو نائنتھ ایونیو کی طرف منتقل کیا جائے گا۔ زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک جانے والے شہری سری نگر شاہراہ اور نائنتھ ایونیو کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کر سکیں گے۔

مزید برآں، پارک روڈ سے کلب روڈ کی بند ہو گی ٹریفک کو ترامڑی چوک کی جانب موڑا جائے گا۔ بھارہ کہو اور راولپنڈی کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کو کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہری سفر سے قبل ٹریفک صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور مقررہ متبادل راستوں کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ غیر ضروری تاخیر اور مشکلات سے بچا جا سکے۔ ٹریفک پولیس کی اضافی نفری مختلف مقامات پر تعینات ہوگی جو شہریوں کی رہنمائی کرے گی۔

مزید پڑھیں۔تاریخ رقم، میسی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنیوالے فٹبالر بن گئے

متعلقہ خبریں