لاہور (اے بی این نیوز) ملک بھر میں سولر انرجی استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے خوشخبری سامنے آ گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق سولر پلیٹس کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جب کہ بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی جلد کمی متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق مختلف صلاحیتوں کی سولر پلیٹوں کی قیمتوں میں 4 ہزار سے 9 ہزار روپے تک کمی کر دی گئی ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات اب سولر مارکیٹ پر بھی محسوس ہونے لگے ہیں جس کی وجہ سے درآمدات اور ترسیل کے اخراجات میں کمی آرہی ہے۔ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا موجودہ رجحان جاری رہا تو آنے والے ہفتوں میں سولر پلیٹس کی قیمتوں میں مزید کمی ہو سکتی ہے جس سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو بڑا ریلیف ملے گا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں کے باعث شہری پہلے ہی شمسی توانائی کی طرف راغب ہو رہے ہیں، قیمتوں میں کمی سے اس رجحان میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
دوسری جانب بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی کمی کی امید ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے باعث بیٹریوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا تھا اور بعض اقسام کی بیٹری کی قیمت 27 ہزار سے بڑھ کر 38 ہزار روپے تک پہنچ گئی تھی۔ تاہم اب ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے بعد بیٹریوں کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔
مارکیٹ کے مبصرین کے مطابق سولر سسٹم اور بیٹریوں کی قیمتوں میں ممکنہ کمی توانائی کے متبادل ذرائع کو مزید فروغ دے سکتی ہے اور صارفین کے مالی بوجھ میں بھی نمایاں کمی کر سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:پشاور سے بڑی خبر، بجٹ 2026-27 کے معاملے پر نئی اپڈیٹ آگئی















