اہم خبریں

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا،علی پرویز ملک

اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کاوشیں رنگ لے آئیں اور ایران و امریکا جنگ بندی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

اپنے بیان میں علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے ایک شفاف ہفتہ وار فارمولا مرتب کرنے کی غرض سے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کے مطابق نئے شفاف فارمولے کی بدولت عوام قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کی وجوہات کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے، جبکہ اس فارمولے کی تیاری تمام متعلقہ فریقین سے مکمل مشاورت کے بعد کی جائے گی۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ علاقائی کشیدگی کے باوجود پاکستان میں تیل کی سپلائی چین بلا تعطل برقرار رکھی گئی ہے اور حکومت توانائی سلامتی کے فریم ورک کا ازسرِنو جائزہ لے رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی مفادات کے تحفظ اور توانائی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد نئے اقدامات پر کام جاری ہے، جبکہ بحران کے دوران تعاون کرنے والے تمام شراکت داروں اور عوام کے شکر گزار ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ پر الیکٹرانک دستخط ہو چکے ہیں، جس کے ذریعے دونوں ممالک نے جاری تنازع کے سفارتی حل پر اتفاق کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے اس معاہدے کی ثالث کے طور پر توثیق کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریق تنازع کے پرامن اور سفارتی حل کے لیے پُرعزم ہیں جبکہ معاہدہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ابتدائی اقدامات کے تحت ایران فوری طور پر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دے گا جبکہ امریکا ایران پر عائد بحری ناکہ بندی ختم کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک کوششیں، غیر معمولی لگن اور علاقائی امن و استحکام کے لیے خدمات اس پیش رفت میں فیصلہ کن ثابت ہوئیں۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی: 7 سالہ بچہ سیوریج نالے میں گر گیا،ریسیکو ٹیمیں بچے کو تلاش کرنے میں ناکام

متعلقہ خبریں