اہم خبریں

کفایت شعاری اقدامات کے باوجود حکومتی اخراجات میں اضافے کا ہدف مقرر

بڑی خبر، کفایت شعاری کے باوجود حکومتی اخراجات بڑھانے کا ہدف مقرر

اسلام آباد (رضوان عباسی ) وفاقی حکومت کی جانب سے کفایت شعاری اقدامات اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کے دعوؤں کے باوجود آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے حکومتی امور چلانے کے اخراجات میں نمایاں اضافے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔

حاصل دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال میں حکومتی امور چلانے کے اخراجات کا تخمینہ ایک ہزار 71 ارب روپے لگایا گیا ہے، جو رواں مالی سال کے اصل ہدف 971 ارب روپے کے مقابلے میں تقریباً 100 ارب روپے زیادہ ہے۔ اسی طرح رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ تخمینے ایک ہزار 21 ارب 32 کروڑ روپے کے مقابلے میں بھی آئندہ سال کا ہدف تقریباً 50 ارب روپے زائد بنتا ہے۔

دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال 2025-26 میں حکومتی امور چلانے کے اخراجات کے لیے 971 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، تاہم سال کے اختتام تک یہ اخراجات ہدف سے بڑھ کر ایک ہزار 21 ارب 32 کروڑ روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 سے مارچ 2026 تک کے پہلے نو ماہ میں حکومتی امور چلانے پر 629 ارب روپے خرچ کیے گئے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 558 ارب 77 کروڑ روپے کے مقابلے میں 12.57 فیصد زیادہ ہیں۔

بجٹ دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومتی اخراجات میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ مالی سال 2024-25 میں حکومتی امور چلانے پر تقریباً 892 ارب روپے خرچ ہوئے، جبکہ مالی سال 2023-24 میں یہ اخراجات 784 ارب روپے رہے تھے۔ اسی طرح مالی سال 2022-23 میں حکومتی اخراجات 634 ارب روپے اور مالی سال 2021-22 میں 547 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے تھے۔

زرائع کا کہنا ہے کہ کفایت شعاری پالیسیوں کے باوجود حکومتی اخراجات میں مسلسل اضافہ مالی نظم و ضبط اور اخراجاتی اصلاحات کے دعوؤں پر سوالات اٹھا رہا ہے، جبکہ آئندہ مالی سال میں اخراجات کے مزید بڑھنے کا ہدف بھی اسی رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
مزید پڑھیں‌:بڑی خبر، زلزلے کے جھٹکے،شہریوں میں خوف و ہراس

متعلقہ خبریں