اہم خبریں

پیپلز پارٹی کا الیکشن کمیشن سے آزاد کشمیر مہاجرین نشستوں کا انتخابی شیڈول واپس لینے کا مطالبہ

مظفرآباد(اے بی این نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی کور کمیٹی نے موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن سے مہاجرین نشستوں کے انتخابات کا شیڈول واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین نے اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ریاست کو بچانا سب سے بڑی ترجیح ہے اور انتخابات کے بجائے سیاسی استحکام اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست کا مرکز و محور ہمیشہ مسئلہ کشمیر رہا ہے اور ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو نے کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ چوہدری یاسین کے مطابق گزشتہ سات ماہ کے دوران عوامی مسائل کے حل اور جمہوری نظام کی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں، جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی کے 38 میں سے 37 مطالبات پر عملدرآمد ہو چکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین نشستوں کے انتخابات کا شیڈول عجلت میں جاری کیا گیا اور احتجاجی کال سے صرف تین روز قبل اس کا اعلان مناسب فیصلہ نہیں تھا۔ ان کے بقول موجودہ صورتحال میں انتخابات کا انعقاد مشکل دکھائی دیتا ہے، لہٰذا الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول واپس لے کر تمام فریقین کے ساتھ مشاورت کا عمل آگے بڑھائے۔

چوہدری یاسین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسی تصادم یا محاذ آرائی کے حق میں نہیں اور موجودہ حالات سے دشمن قوتیں، خصوصاً بھارت، فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارہ مہاجرین نشستیں انسانی جانوں سے زیادہ قیمتی نہیں اور مسائل کا حل مذاکرات، سیاسی اتفاقِ رائے اور جمہوری عمل میں مضمر ہے۔

پریس کانفرنس میں سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب خان، سیکرٹری اطلاعات جاوید ایوب، سینئر وزیر میاں وحید، جاوید بڈھانوی، سردار ضیا القمر، چوہدری قاسم مجید، یاسر سلطان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں: آئندہ مالی سال میں 6 لاکھ سے زائد نئے گیس کنکشنز دینے کا منصوبہ

متعلقہ خبریں