اہم خبریں

سونے کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ، خریداروں کے لیے نئی تشویش

کراچی: سونے کی قیمت میں عالمی اور مقامی سطح پر اچانک نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد سرمایہ کاروں اور خریداروں کی توجہ دوبارہ قیمتی دھات کی جانب مبذول ہوگئی ہے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں جمعہ کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 72 ڈالر 50 سینٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سونا 4 ہزار 175 ڈالر 30 سینٹس فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا۔ گزشتہ چند روز کے دوران سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی تھی، تاہم آج مارکیٹ کا رجحان یکسر تبدیل ہوگیا۔

عالمی مارکیٹ میں اضافے کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی واضح طور پر نظر آئے۔ ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 7 ہزار 250 روپے بڑھنے کے بعد 4 لاکھ 39 ہزار 966 روپے تک جا پہنچی۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 6 ہزار 525 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 75 ہزار 947 روپے ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق عالمی معاشی صورتحال، سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی اور بین الاقوامی مالیاتی رجحانات سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔

دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 190 روپے مہنگی ہوکر 7 ہزار 79 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 171 روپے اضافے کے بعد 6 ہزار 28 روپے ہوگئی۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمت میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں