محرم سکیورٹی انتظامات کے تحت پنجاب حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں پولیس اہلکاروں کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں تاکہ عاشورہ کے موقع پر سکیورٹی صورتحال کو فول پروف بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق 11 جون سے عاشورہ تک پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی ہر قسم کی چھٹیاں بند رہیں گی۔ اس فیصلے کا مقصد محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کو مزید مؤثر اور سخت بنانا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ محرم کے دوران پولیس افسران و اہلکاروں کے تبادلوں اور تقرریوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
حکام کے مطابق سی سی پی اوز، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہیڈکوارٹرز میں موجود رہیں اور کسی بھی غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔
محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے پُرامن انعقاد کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان بھی تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت اہم مقامات، حساس علاقوں اور جلوس کے راستوں پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور مذہبی تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔















