اہم خبریں

راولاکوٹ میں آپریشن، سی ایم ایچ کا محاصرہ ختم، 4 اہلکار شہید: ترجمان آئی جی پولیس آزاد کشمیر

راولاکوٹ(اے بی این نیوز) ترجمان انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کے مطابق کالعدم ایکشن کمیٹی کے پرتشدد اور مسلح عناصر نے 7 جون کی شام راولاکوٹ میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر منصوبہ بندی کے تحت فائرنگ کی اور بعد ازاں سی ایم ایچ راولاکوٹ کا محاصرہ کر لیا، جس کے باعث ہسپتال کی طبی خدمات اور علاج معالجے کی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں۔

ترجمان کے مطابق مشتعل شرپسند عناصر نے مختلف مقامات پر آگ لگائی اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 7 اور 8 جون کی درمیانی شب ایک منظم، ہدفی اور محدود نوعیت کی کارروائی کے ذریعے سی ایم ایچ راولاکوٹ کا محاصرہ ختم کروا دیا۔ کارروائی کے دوران شہریوں، مریضوں، طبی عملے اور سرکاری املاک کے تحفظ کو اولین ترجیح دی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال کو مکمل طور پر کلیئر کروا لیا گیا ہے اور تمام طبی خدمات معمول کے مطابق بحال ہو چکی ہیں۔ 6 جون سے اب تک پرتشدد عناصر کی فائرنگ کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ شہداء میں آزاد کشمیر پولیس کے 3 اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کا ایک اہلکار شامل ہے۔

ترجمان کے مطابق کالعدم ایکشن کمیٹی کے 3 افراد اپنی ہی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ راولاکوٹ میں شرپسند عناصر کو منتشر کر دیا گیا ہے، امن و امان بحال ہے، بیشتر شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں اور بازار و تجارتی مراکز معمول کے مطابق سرگرم ہیں۔

ترجمان آئی جی پولیس نے کہا کہ آزاد کشمیر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاستی رٹ کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہے ہیں۔ شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی جبکہ پرتشدد عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی یا اس سے وابستہ کسی بھی سرگرمی میں شرکت سے گریز کریں، افواہوں اور گمراہ کن پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں اور صرف مستند سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس میں خاتون اور مردوں کے نازیبا رقص کی ویڈیو وائرل

متعلقہ خبریں