لاہور(اے بی این نیوز)امیرِ جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ لیوی کو فوری ختم کیا جائے ورنہ ہم عوام کو احتجاج کی کال دیں گے، پیٹرول کی قیمت کو تین سال کیلئے لاک کیا جائے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے حکومت ہر جمعہ کو ایک بجٹ کا اعلان کردیتی ہے، یہ اپنی شاہ خرچیاں کم کرنے کے لیے تیار نہیں، تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ ٹیکس دے رہا ہے، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس میں کمی کی جائے، ایک لاکھ ماہانہ تنخواہ والے شخص کو ٹیکس فری کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ ہر طبقۂ فکر کے لوگوں کے لیے ظلم ہے، حکومت اپنی نالائقی اور کرپشن چھپانے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کرتی ہے، حکومت آئی ایم ایف کے سہارے ٹیکس وصول کر رہی ہے، پیٹرولیم لیوی لگانا کسی ظلم سے کم نہیں، عوام سے آج بھی 105 روپے لیوی وصول کی جا رہی ہے۔
امیرِجماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور میں کوئی تقابل نہیں، تقابل وسائل کے مطابق ہی ہوتا ہے، اگر پیپلز پارٹی نے کرپشن کی ہے تو ن لیگ بھی کم نہیں، 28 ویں ترمیم کی بجائے مقامی حکومتوں کو مضبوط کیا جائے، 28 ویں ترمیم ابھی تک سامنے نہیں آئی مگر حکمران اتحاد ہر ترمیم کیلئے تیار ہے، زرداری صاحب نے کہہ دیا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیمی اداروں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، عوام کی طبی سہولتیں بھی چھین لی گئی ہیں۔ حکومت لوگوں کو آپس میں لڑانے کے بجائے مقامی حکومتیں بنائے اور بااختیار شہری حکومت بنانے کی طرف آئے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غربت ختم کرنے کے لئے کیا گیا تھا مگر حکومت کی اپنی رپورٹ ہے کہ غربت میں مجموعی 30 فیصد جبکہ پنجاب میں 45 فیصد اضافہ ہوا، بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے مقامی بااثر افراد کمیشن لیتے ہیں، یہ کرپشن کا ذریعہ ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل آج بھی معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کو شہید کر رہا ہے،اس کے باوجود ہمارے وزیر اعظم نے ٹرمپ کو امن کا داعی قرار دے دیا، ٹرمپ کی حمایت سے ہی اسرائیل غزہ پر حملے کررہا ہے، ہمیں پیس بورڈ سے نکل جانا چاہئے، پوری دنیا کو صیہونی امریکہ کی مدد سے چلا رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ تقریباً 46 دن ہوگئے پاکستان کے شہری صومالیہ میں یرغمال ہیں، کوئی ان کو بازیاب کرانے کی کوشش نہیں کر رہا، ان یرغمالیوں کو زنگ آلود پانی پلایا جارہا ہے، پاکستانی حکومت سے درخواست ہے کہ ان کی رہائی کی کوشش کریں۔
مزید پڑھیں: گلگت بلتستان،دیامر میں مسلم لیگ (ن ) کے اسپورٹرز پر فائرنگ















