اسلام آباد(اے بی این نیوز) آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بیوٹی پارلرز، جلد کی نگہداشت کے کلینکس، ہیلتھ کلبز اور جم سینٹرز کے لیے استعمال ہونے والے سامان، خام مال اور مشینری پر ٹیکس اور ڈیوٹی میں کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق کسٹمز کے نوٹیفکیشن نمبر 1151 اور 1152 کے تحت مختلف اشیاء پر عائد ڈیوٹی میں مزید 2 سے 5 فیصد تک کمی کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیوٹی پارلرز میں استعمال ہونے والے درآمدی میک اپ خام مال، سن بلاک، سن اسکرین اور بالوں کی نگہداشت سے متعلق مصنوعات پر ڈیوٹی 44 فیصد سے کم کرکے 40 فیصد کیے جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح مردانہ بیوٹی سیلونز کے لیے شیونگ کریم، آفٹر شیو لوشن اور دیگر متعلقہ مصنوعات پر ڈیوٹی 40 فیصد سے کم کرکے 35 فیصد کی جاسکتی ہے، جبکہ فیس واش، صابن اور جلد کی نگہداشت کے لیے استعمال ہونے والی کریموں اور لوشنز پر بھی ڈیوٹی میں 5 فیصد کمی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ہیلتھ کلبز، جم اور سلمنگ سینٹرز کے لیے درآمد کی جانے والی مشینری، آلات اور ان کے پرزہ جات پر ڈیوٹی 40 فیصد سے کم کرکے 35 فیصد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
ماہرین کے مطابق مجوزہ کمی سے بیوٹی، اسکن کیئر اور فٹنس انڈسٹری کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ صارفین کو بھی نسبتاً سستی خدمات میسر آنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں: بجٹ سے پہلے ہی سولر پینل پلیٹس کی قیمتوں میں بڑا اضافہ















