اسلام آباد ، مظفرآباد (رضوان عباسی ) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے انعقاد کے لیے باقاعدہ انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق انتخابات 27 جولائی 2026 کو منعقد ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق امیدوار 9 جون سے 19 جون 2026 تک اپنے کاغذات نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرا سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 20 جون کو ہوگی جبکہ منظور یا مسترد کیے گئے کاغذات کے خلاف اپیلیں 21 جون سے 24 جون تک دائر کی جا سکیں گی۔
شیڈول کے مطابق الیکشن کمیشن 26 اور 27 جون کو اپیلوں کی سماعت کرے گا جبکہ اپیلوں پر فیصلے 28 اور 29 جون کو سنائے جائیں گے۔ امیدواروں کے لیے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 جون مقرر کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن یکم جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرے گا جبکہ 2 جولائی کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ اسی روز انتخابی نشانات سمیت امیدواروں کی حتمی فہرست بھی شائع کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پولنگ 27 جولائی کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابات شفاف، آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدار انداز میں کرانے کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ مظفرآباد سے جاری اعلامیے کے مطابق انتخابی عمل کے دوران متعلقہ انتظامی اداروں، ضلعی حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کا مؤثر نظام قائم کیا گیا ہے تاکہ انتخابی مراحل کو پرامن اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق یہ نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
مزید پڑھیں۔گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کا آج آخری روز















