کراچی (اے بی این نیوز) کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے حضرت عبداللہ شاہ غازیٌ کے سالانہ عرس کے موقع پر 8 جون کو مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق 22 ذی الحجہ 1447 ہجری 8 جون کی مناسبت سے شہر میں مقامی تعطیل ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ چھٹی سٹی کونسل کراچی کی جانب سے منظور کی گئی قرارداد کی روشنی میں دی جا رہی ہے۔ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام تمام دفاتر تعطیل کے دوران بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضروری اور ہنگامی خدمات فراہم کرنے والے تمام ادارے اور دفاتر معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ مجاز اتھارٹی سے مقامی تعطیل کے فیصلے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے جس کے بعد تمام متعلقہ محکموں اور سیکشنز کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ نوٹیفکیشن پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں:نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیینؐ اتھارٹی اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط















